12 Dec 2025
(لاہور نیوز) سرکاری سکولوں میں جاری مڈٹرم امتحانات سکول سربراہان کے لیے دردِ سر بن گئے۔
پیکٹا کی جانب سے سوالیہ پیپرز کی ہارڈ کاپی فراہم نہ کیے جانے کے باعث سکولوں کو خود پرچے تیار کرنا پڑ رہے ہیں۔
سکول سربراہان کے مطابق فی سوالیہ پرچے کی فوٹو کاپی 10 روپے میں پڑ رہی ہے جبکہ پنجاب بھر میں 90 لاکھ سے زائد بچے مڈٹرم امتحانات دے رہے ہیں، جس سے مجموعی اخراجات میں شدید اضافہ ہو گیا ہے۔
سکول سربراہان کا کہنا ہے کہ سوالیہ پیپرز کی فوٹو کاپیوں کیلئے کوئی فنڈز فراہم نہیں کیے گئے، سوالیہ پرچے صرف ای میل کیے گئے مگر فوٹو کاپی کے لیے کوئی فنڈ نہیں دیا گیا۔
پنجاب ٹیچرز یونین کا کہنا تھا کہ دوسری سہ ماہی گزرنے کے باوجود نان سیلری بجٹ بھی ابھی تک جاری نہیں ہوا جس سے سکول انتظامیہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔
