(ویب ڈیسک) لیسکو کو گزشتہ دو سال کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات اور اوور بلنگ کے متعدد کیسز پر 0.1 ارب روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے۔
رواں سال لیسکو پر سب سے زیادہ 7 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا، جو کہ گرڈ اسٹیشنز اور فیلڈ علاقوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات، اوور بلنگ اور سیفٹی پروٹوکولز کے عدم نفاذ کے باعث سامنے آیا۔
نیپرا کے مطابق کمپنی نے سیفٹی اقدامات کی خلاف ورزی کی، جبکہ کئی مقامات پر ٹرانسمیشن لائنز کی ارتھنگ مکمل نہیں کی گئی، جس پر الگ سے جرمانہ عائد کیا گیا، اس کے علاوہ اوور بلنگ کے شوکاز نوٹسز کا بروقت جواب نہ دینے پر تقریباً 2.5 کروڑ روپے کا جرمانہ بھی لگایا گیا۔
حکام کے مطابق نیپرا نے ملک بھر کی دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے خلاف بھی سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کی ہیں۔
دوسری جانب لیسکو نے مختلف کیسز میں نیپرا کے فیصلوں کے خلاف نظرِ ثانی اپیلیں دائر کر رکھی ہیں، کمپنی کا مؤقف ہے کہ کئی واقعات میں تکنیکی و قانونی پہلوؤں کو نظر انداز کیا گیا، جس کی دوبارہ جانچ ضروری ہے۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ عوامی جان و مال کے تحفظ کیلئے سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
