(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبے کے تمام شہروں میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کیلئے بڑے اقدامات شروع کر دیئے۔
اس سلسلے میں الیکٹرک بس ڈپو اور بس سٹاپس کی تعمیر نو کیلئے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کو ایک ارب روپے سے زائد کی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔
پنجاب حکومت نے بتایا کہ یہ فنڈز الیکٹرک بسوں کیلئے بس سٹاپس اور ای-ڈپوٹس کی اسٹیبلشمنٹ کیلئے ریلیز کئے گئے ہیں تاکہ شہری علاقوں میں جدید اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کروایا جا سکے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق سیکرٹری ٹرانسپورٹ کی درخواست پر پنجاب کابینہ نے سمری کی منظوری دے دی ہے اور صوبے کے تمام شہروں میں الیکٹرک بس سروس کی جلد لانچنگ کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔
حکام نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف شہریوں کیلئے بہتر اور صاف ستھری ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرے گا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور پائیدار شہری ترقی کیلئے بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
