12 Dec 2025
(لاہور نیوز) پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نے طلباء اور ڈپلومہ ہولڈرز کیلئے جدید جاب پورٹل لانچ کر دیا۔
ترجمان پی بی ٹی ای کے مطابق نیا جاب پورٹل طلباء کیلئے مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، جہاں ڈپلومہ ہولڈرز آن لائن جاب رجسٹریشن کروا سکتے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ طلباء کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی سی وی نئے پورٹل پر اپ لوڈ کریں تاکہ انہیں مختلف اداروں تک رسائی حاصل ہو سکے۔
پی بی ٹی ای کا کہنا ہے کہ سی وی اپ لوڈ کرنے کیلئے رجسٹریشن کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ پورٹل پر طلباء کیلئے آسان اور مرحلہ وار رہنمائی بھی فراہم کی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ جاب پورٹل نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی روزگار کے مواقع تک رسائی فراہم کرے گا، جس سے ہزاروں طلباء کو اپنے کیریئر کا بہتر آغاز کرنے میں مدد ملے گی۔
