(لاہور نیوز) سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی سزا ابتداء ہے، 9 مئی کے کیسز باقی ہیں، یہ لمبا چوڑا انصاف کا سلسلہ اب نہیں رکے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ فیض حمید پر جب 9 مئی کے کیسز سامنے آگئے تو اس سیاسی پارٹی کا کیا ہو گا جس نے 9 مئی کیا، فیض حمید کے ساتھ جو سیاسی جماعت شامل تھی اس کا احتساب ہو رہا ہے، اب بنیاد رکھ دی گئی ہے کہ پاکستان سے بڑا کوئی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا ٹرائل چل رہا ہے جب اس کا فیصلہ سامنے آئے گا تو 14 سال کم از کم سزا ہوگی، پھر پی ٹی آئی اور بانی کہاں جائیں گے؟
ان کا کہنا تھا کہ میں پارٹی کو اس طرح کی چیزوں سے روکتا تھا اور کہتا تھا کہ واپسی کا راستہ نہیں ملے گا، انہوں نے مجھے ہی پارٹی سے نکال دیا، اب ملک میں احتساب کا عمل شروع ہو گیا ہے، اب کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ ابھی صحافی ارشد شریف کا کیس بھی باقی ہے جس دن مراد سعید سامنے آگئے اس کیس کے کردار بھی سامنے آ جائیں گے۔
