(لاہور نیوز) پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے تحت امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مکمل ڈیجیٹلائزیشن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
امتحانی اصلاحات کے تحت بورڈز نے ڈیجیٹل سسٹمز کے نفاذ کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد امتحانات میں شفافیت، سیکورٹی اور کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔
جدید نظام کے مطابق ای شیٹس پر اب یونیک سکیورٹی کوڈز، کیو آر کوڈز اور واٹر مارکس شامل کیے جائیں گے، تاکہ کسی بھی قسم کی جعلسازی یا تبدیلی کی گنجائش ختم ہو سکے۔
چیئرپرسن ٹاسک فورس مزمل محمود کی ہدایات پر امتحانی عملے کی تربیت بھی شروع کر دی گئی ہے۔ پنجاب کے تمام بورڈز کے سسٹم اینالسٹ اور کمپیوٹر پروگرامرز کو 13 دسمبر کو خصوصی ٹریننگ دی جائے گی۔
ٹریننگ میں افسران کو ای مارکنگ، کیو آئی بی، ڈی اے ایم ایس اور ای شیٹ سسٹم کا عملی جائزہ فراہم کیا جائے گا۔ تربیت کا اہتمام بی آئی ایس ای لاہور اور آئی بی سی سی کے ماہرین کی جانب سے کیا جائے گا، جبکہ صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے نمائندگان اس میں شرکت کریں گے۔
حکام کے مطابق امتحانی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن سے پرچوں کی چیکنگ، رزلٹ تیار کرنے کے عمل اور سکیورٹی میں نمایاں بہتری آئے گی، جس سے شفاف اور معیاری امتحانات کا انعقاد ممکن ہو سکے گا۔
