(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی قیادت میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ایک دن میں 4 ہزار 998 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی جس کے نتیجے میں 38 مقدمات درج کئے گئے اور 49 یونٹس کو بند کر دیا گیا، اس کارروائی میں 345 فوڈ پوائنٹس پر 51 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق پنجاب بھر میں ملاوٹ اور جعلسازی کا مکروہ کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کیں اور ان کے خلاف مقدمات درج کرائے، راولپنڈی میں 22، لاہور ڈویژن میں 3، فیصل آباد میں 5، ملتان میں 2، ساہیوال میں 2، مظفرگڑھ میں 3 اور رحیم یار خان میں 1 مقدمہ درج کیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی نے مارکیٹ میں سپلائی ہونے والی مختلف اشیاء خورونوش کے 168 سیمپل لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے بھجوائے ہیں تاکہ ان کی معیار کی جانچ کی جا سکے، عاصم جاوید نے کہا کہ جعلسازی کے کاروبار میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے کئی فوڈ پوائنٹس کو بند کر دیا ہے اور ان کے خلاف بھاری جرمانے عائد کئے ہیں، ان پوائنٹس پر زائد المیعاد اجزاء کا استعمال، کچن ایریا میں کیڑوں، مکھیوں اور مکڑی کے جالوں کی موجودگی جیسے سنگین مسائل سامنے آئے ہیں۔
عاصم جاوید نے کہا خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، چاہے فوڈ پوائنٹ چھوٹا ہو یا بڑا، فوڈ بزنس آپریٹرز کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانا ہو گا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے عوام سے درخواست کی کہ وہ کسی بھی فوڈ پوائنٹ یا اشیاء خورونوش کے بارے میں شکایت کی صورت میں فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔
