(لاہور نیوز) ضلعی انتظامیہ لاہور نے بسنت فیسٹیول کے حوالے سے حکومت کی تمام تجاویز مان لیتے ہوئے تقریب کے انعقاد کیلئے اپنی آمادگی ظاہر کر دی۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں بسنت اس بار دو نہیں بلکہ تین روز، یعنی جمعہ، ہفتہ اور اتوار 6 سے 8 فروری تک منائی جائے گی، انتظامیہ نے اس سلسلے میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیرِ صدارت اجلاس میں بریفنگ بھی دی۔
ذرائع کے مطابق بسنت کے ایام کے دوران شہریوں کی حفاظت کیلئے 46 لاکھ موٹرسائیکلوں پر حفاظتی راڈز لگانے کی تجویز سامنے آئی ہے، خطرناک ڈور کے استعمال کو روکنے کیلئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ تیز دھاتی، نائیلون اور کیمیکل ڈور پر مکمل پابندی ہو گی، جبکہ صرف کپاس یا نشاستے سے تیار کردہ ڈور کے استعمال کی اجازت دی جائے گی، ڈور اور پتنگوں پر بارکوڈ لگانا بھی لازمی قرار دیا جائے گا تاکہ ان کی فہرست اور نگرانی ممکن ہو سکے، ڈور تیار کرنے اور فروخت کرنے والوں کو باقاعدہ لائسنس جاری کئے جائیں گے۔
دوسری جانب شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر موٹرسائیکل سواروں کیلئے سیفٹی اینٹینا اور گلے کے کور لازمی قرار دیئے جائیں گے، مین سڑکوں پر سیفٹی نیٹس اور وائر پروٹیکشن سسٹم نصب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق اس مرتبہ بسنت اندرون شہر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پورے لاہور میں منائی جائے گی اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کو تیاریوں کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
