وسائل پر قابض طبقہ و افسر شاہی ملک کو نوآبادیاتی طرز پر چلا رہے ہیں، حافظ نعیم
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وسائل پر قابض مراعات یافتہ طبقہ اور افسر شاہی ملک کو اب تک نوآبادیاتی طرز پر چلا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ اشرفیہ لاہور کے دورہ کے موقع پر اساتذہ اور طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے مولانا فضل رحیم کی عیادت کی اور بزرگ عالم دین کی دینی و ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور جامعہ اشرفیہ کے درمیان فطری تعلق ہے ، بانی جماعت اسلامی سید مودودی اپنی اکثر نمازوں کا اہتمام جامعہ اشرفیہ میں کرتے تھے۔ سابقہ امیران جماعت اسلامی بھی مختلف اوقات میں تواتر سے جامعہ اشرفیہ کا دورہ کرتے رہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مغرب کا سرمایہ دارانہ نظام دنیا پر مسلط ہے جس سے معیشت ، سیاست ، اخلاقیات سمیت ہر شعبہ تباہی کا شکار ہے، اسلامی دنیا کو تقسیم کر دیا گیا، امت گروہوں میں بٹ چکی ہے، اہل فلسطین پر سو سال سے زائد عرصہ سے ظلم ہو رہا ہے، کشمیریوں پر مظالم ڈھائے جار ہے ہیں اور اس ساری صورتحال میں عالمی استعمار اور اس کے آلہ کار خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ دنیا کی آبادی آٹھ ارب سے زائد ہے اور مغرب کے مسلط نظام کی وجہ سے اس آبادی میں اسی فیصد لوگ بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔ ان حالات میں علما اکرام اور دینی مدارس کے طلبا وطالبات کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلام کے ابدی پیغام کو عام کریں اور لوگوں کو بتائیں کہ اسلام ہی ایسا متبادل نظام ہے جس سے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ پوری انسانیت کی فلاح کے لیے اسلامی نظام ہی بہترین نظام ہے۔
