(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی مچھروں کی افزائش تیزی سے بڑھنے لگی۔
مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ حکام کیلئے تشویش کا باعث بن گیا ہے، محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں ڈینگی کے 5 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے 1 مریض لاہور سے ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال پنجاب میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی مجموعی تعداد 4,285 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ صرف لاہور میں یہ تعداد 776 ہو چکی ہے، شہر میں ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رواں سال مریضوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ سکتی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر اب تک 4 ہزار سے زائد ایف آئی آرز درج اور ڈھائی لاکھ سے زیادہ وارننگ نوٹسز جاری کئے جا چکے ہیں، حکام نے بتایا کہ ڈینگی کے بیشتر مریض نجی ہسپتالوں اور کلینکس میں رپورٹ ہو رہے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ گھروں میں سپرے کیا جائے، مچھر بھگانے والے لوشن کا استعمال کیا جائے اور ہر سطح پر ڈینگی ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، ڈینگی سرویلنس کو مزید تیز کیا جا رہا ہے اور لاروا تلف کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
