(لاہور نیوز) چونیاں رورل سب ڈویژن میں بجلی چوری کے خلاف لیسکو کی جانب سے سخت ایکشن لیا گیا۔
ترجمان لیسکو کے مطابق بل ڈسٹری بیوٹر محمد بن یامین کو اپنے ہی گھر میں بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے جانے پر نوکری سے فارغ کر دیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ واقعے کی جامع انکوائری مکمل کی گئی اور تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ملازم کو ملازمت سے برطرف کیا گیا، بجلی چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے واضح کیا کہ ادارے میں کرپٹ عناصر کیلئے کوئی جگہ نہیں، جس نے جرم کیا اسے جواب دہ ہونا ہو گا چاہے وہ لیسکو کا ملازم ہو یا عام صارف۔
سی ای او لیسکو کے مطابق ادارے میں نظام کی شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے سخت کارروائیاں جاری ہیں اور عوامی مفاد و ادارے کی ساکھ کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری رہے گا۔
لیسکو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بجلی چوری کی نشاندہی کریں تاکہ لائن لاسز میں کمی اور شفاف نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
