(لاہور نیوز) حکومت سے مذاکرات میں ٹرانسپورٹرز میں دراڑ پیدا ہو گئی، پنجاب حکومت سے مذاکرات کے بعد پبلک ٹرانسپورٹرز نے پہیہ جام ہڑتال ختم کر دی۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان سے ملاقات میں مسائل حل کرنے کیلئے ریجن وائز فوکل پرسن مقرر کر دیئے گئے، مزدا ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کرنے سے انکار کر دیا، ٹریفک آرڈیننس کی معطلی کے نوٹیفکیشن تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔
دوسری جانب مریم اورنگزیب نے ٹریفک آرڈیننس واپس لینے کی تردید کر دی، سینئر وزیر پنجاب کا کہنا ہے ٹریفک آرڈیننس پر عمل درآمد روکنے کا کوئی حکم جاری نہیں ہوا، ایسی قیاس آرائیاں محض جھوٹ ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بھی پنجاب میں ٹریفک قوانین سے متعلق قانون پر مؤثر اور سخت عمل درآمد کا حکم جاری کیا ہے، عمل نہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ عوام اور بچوں کی جان پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
