ملتان شیر شاہ انٹرچینج سے ظاہر پیر تک موٹروے ایم 5 دھند کے باعث ٹریفک کیلئے بند
(ویب ڈیسک) ملتان شیر شاہ انٹرچینج سے ظاہر پیر تک موٹروے ایم 5 اور ایم ون پشاور سے رشکئ تک شدید دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی۔
ترجمان کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئ تک بند ہے جبکہ رشکئ سے برہان تک کھول دی گئی ہے، جبکہ حد نگاہ میں بہتری آنے پر موٹروے ایم ون پشاور سے اسلام آباد تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دی گئی۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹروے کی بندش عوام کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق قومی شاہراہ پر بستی ملوک، لودھراں اور بہاولپور کے علاقوں میں بھی دھند کا سلسلہ برقرار ہے جس سے حدِ نگاہ شدید متاثر ہے۔
موٹروے پولیس نے خبردار کیا ہے کہ دھند میں لین کی خلاف ورزی سنگین حادثات کا باعث بن سکتی ہے اس لئے ڈرائیورز لین ڈسپلن کی سختی سے پابندی کریں۔
سفر کرنے والے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، کیونکہ دھند میں محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں۔
