(لاہور نیوز) نادرا سے نوزائیدہ بچوں کی رجسٹریشن کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا گیا ، اب پیدائش کے دن ہی رجسٹریشن کی جائے گی۔
پنجاب کے محکمہ بلدیات نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری اور نجی اسپتالوں میں پیدا ہونے والے تمام نوزائیدہ بچوں کو پیدائش کے دن ہی نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) میں رجسٹر کیا جائے گا، یہ اقدام ہیلتھ ڈپارٹمنٹ اور نادرا کے اشتراک سے کیا گیا ہے تاکہ نوزائیدہ بچوں کی رجسٹریشن کا عمل مزید تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔
میونسپل ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ اس نئے نظام کا مقصد رجسٹریشن میں تاخیر ختم کرنا اور پیدائش کے دن ہی بچوں کے بچوں کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (B-Form/CRC) جاری کرنا ہے، نادرا کی جانب سے کہا گیا B-Form یا Child Registration Certificate (CRC) ہر بچے کے لیے لازمی ہے اور اس کے بغیر بچے کے لیے پاسپورٹ، بورڈ امتحانات یا دیگر قانونی عمل ممکن نہیں ہیں۔
ب فارم کے لیے والدین کا NIC یا NICOP ہونا ضروری ہے اور رجسٹریشن کے لیے یونین کونسل سے پیدائش کا دستاویزی ثبوت فراہم کرنا ہوتا ہے، B-Form کے لیے نئے قواعد کے مطابق تین سال تک کے بچوں کے لیے فوٹو یا بایومیٹرک ڈیٹا فراہم کرنا ضروری نہیں اور تین سے دس سال کے بچوں کے لیے فوٹو اور جہاں دستیاب ہو آئی رس سکین لازمی ہے۔
اس کے علاوہ دس سے اٹھارہ سال کے بچوں کے لیے فنگر پرنٹس، فوٹو اور آئی رس سکین لازمی ہوں گے اور ہر بچے کے لیے علیحدہ CRC جاری کیا جائے گا جس کی مخصوص مدت ہوگی، یہ اقدام نوزائیدہ بچوں کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے اور ڈیجیٹل ڈیٹا بیس کی مکمل کاری کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
