(ویب ڈیسک)سپر اسٹار ماہرہ خان کا اپنی نئی فلم نیلوفر کے ایک وائرل کلپ پر ردعمل سامنے آگیا۔
حال ہی میں اداکار فواد خان کے ساتھ ریلیز ہونے والی فلم نیلوفر میں ماہرہ خان نے بینائی سے محروم لڑکی کا کردار نبھایا۔ریلیز کے بعد فلم کا ایک جذباتی سین سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس میں نیلوفر (ماہرہ) روتے ہوئے خود کو مارنے لگتی ہیں۔
اداکارہ نے اس کلپ کے تناظر میں ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں جانتی ہوں کہ میں چاہے کچھ کروں یا نہ کروں میرا ہر عمل وائرل ہو جاتا ہے۔
ماہرہ خان نے کہا کہ میں نے یہ کلپ دیکھا ہے جو بہت وائرل ہو رہا ہے، سچ بات یہ ہے کہ جو بھی میں کرتی ہوں وائرل ہو جاتا ہے، اگر میں کچھ کروں تب بھی، نہ کروں تب بھی، کبھی کبھی اس سب سے تھکن بھی محسوس ہوتی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں تنقید کو برے انداز میں نہیں لیتی لیکن وائرل کلپس کو لے کر ہونے والا شور شرابا مجھے کبھی کبھار ذہنی طور پر تھکا دیتا ہے۔
ماہرہ نے مزید کہا کہ نیلوفر ایک مشکل کردار تھا اور میں نے اسے پوری ایمانداری اور حساسیت کے ساتھ نبھانے کی کوشش کی ہے۔متعدد صارفین نے اس منظر پر ماہرہ خان کی اداکاری کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
