(لاہورنیوز) ٹراسپورٹرز کی جانب سے نئے ٹریفک قانون اور بھاری جرمانوں کے خلاف آج صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی گئی ہے۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے پہیہ جام ہڑتال کے اعلان کے پیش نظر اندرون شہر، دیگر صوبوں کو آنے اور جانے والی ٹرانسپورٹ بند ہے، شیرا کوٹ بند روڈ پر متعدد بس اڈے اور بکنگ آفس بند ہیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
ٹرانسپورٹ بند ہونے سے مختلف شہروں میں سامان کی ترسیل معطل ہے، اشیاء کی سپلائی متاثر ہونے سے مارکیٹوں میں دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب سیکرٹری آر ٹی اے نے بتایا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باوجود اربن اور انٹر سٹی روٹس پر ٹرانسپورٹ آپریشنل ہے۔
سیکرٹری آر ٹی اے اسد عباس شیرازی نے کہا کہ تمام ڈی کلاس سٹینڈز سے انٹر سٹی سروس جاری ہے، اربن روٹس پر ای بسیں اور میٹرو سروس مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ طاقت کا استعمال کرنے والوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، پک اینڈ ڈراپ سروس گاڑیوں کے پاس پہلے سے موجود روٹ پرمٹ میں مسافروں کی تعداد مختص ہے، شہریوں کے جان و مال پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
اسد عباس شیرازی نے کہا کہ انٹر سٹی اور اربن روٹس پر جاری آپریشن کی رپورٹ صوبائی حکومت کو بھجوا دی ہے، ڈی کلاس سٹینڈز نے گزشتہ روز ہڑتال نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
