انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عثمان انور نے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ ' لائسنس ٹو کل' ہے، کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس ڈرائیونگ موت اور حادثات کو دعوت دینے کے مترادف ہے، لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ ' لائسنس ٹو کل' ہے جو دنیا میں کوئی ملک کسی کو نہیں دیتا۔
ہڑتال کا مطلب ہے کہ سکول وینز الٹتی رہیں اور معصوم بچے مرتے رہیں اور کوئی نہ پوچھے، یہ رویہ کوئی مہذب ملک برداشت نہیں کر سکتا،والدین کا مطالبہ رہا ہے کہ اس نظام کو تبدیل کیا جائے، اسی عوامی اور جانی اہمیت کے مسئلے پر ایک اچھے قدم کی حمایت ہونی چاہیے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے، یہ فرض کسی دباؤ کے بغیر ادا کرتے رہیں گے، مہلت دے رہے ہیں، گاڑی بند رکھیں گے تو ہم سڑک پر گاڑی بھی نہیں آنے دیں گے اور ضبط کر لیں گے۔
ذمہ داری کا احساس کریں، یہ لوگوں اور بچوں کی جانوں کا معاملہ ہے، قانون پر عمل درآمد کے سوا کوئی چوائس نہیں، زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہےگی۔
