(لاہور نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن نے صوبے کے سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے 20 ارب روپے کے فنڈز جاری کر دیئے۔
یہ فنڈز ایڈیشنل کلاس رومز، سائنس لیبز، چار دیواری اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کئے جائیں گے۔
سیکرٹری ایجوکیشن خالد نذیر ووٹو نے اس حوالے سے کہا کہ یہ فنڈز سکولوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے استعمال کئے جائیں گے تاکہ بچوں کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
وزیر اعلی پنجاب نے بھی سکولوں میں مزید سہولتوں کی فراہمی کیلئے اضافی 9 ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی ہے، جو کہ فرنیچر کی خریداری اور جدید ٹیکنالوجی لیبز کے قیام پر خرچ کئے جائیں گے۔
خالد نذیر ووٹو نے بتایا کہ ان فنڈز سے پہلے مرحلے میں 5 مرلہ اراضی پر ٹیکنالوجی لیبز قائم کی جائیں گی، جس سے طلباء کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا جا سکے گا، سائنس لیبز کی اپ گریڈیشن اور ان میں آلات و کیمیکلز کی فراہمی کیلئے نان سیلری بجٹ سے رقم فراہم کی جائے گی۔
