(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پیرا فورس کی کارکردگی، نگرانی اور اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ پیرا فورس کی شفافیت اور بہتر کارکردگی کے لیے جلد باڈی کیم نصب کیے جائیں۔
مریم نوازنے کہا کہ قانون ہرحال میں نافذ کیا جائے، مگر عوام کے ساتھ رویہ ہمیشہ درست، دوستانہ اور باعزت ہونا چاہیے، پیرا فورس کی استعداد بڑھانے کیلئے خصوصی ٹریننگ سیشنز بھی منعقد کئے جائیں گے تاکہ اہلکارعوامی خدمت کے معیارکومزید بلند کریں۔
مزید براں عوامی خدمت کے ماحول کو محفوظ اورماحول دوست بنانے کے لئے پیرا فورس کو الیکٹرک وہیکلز فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی، وزیراعلیٰ نے سٹیٹ آف دی آرٹ پیرا ٹریننگ سنٹر قائم کرنے کی اصولی منظوری بھی دی تاکہ جدید تربیت کے ذریعے اہلکاراپنی کارکردگی اور عوامی اعتماد میں اضافہ کر سکیں۔
مریم نواز نے زور دیا کہ پیرا فورس اچھا کام کر رہی ہے لیکن عوام میں نیک نامی کمانے کے لئے نتائج پر توجہ دی جائے، عوام کی خدمت کرنے والے تاریخ میں یاد رکھے جاتے ہیں، اس لیے ہراقدام میں شفافیت، ذمہ داری اوراحترام کو یقینی بنانا ہو گا۔
