(لاہور نیوز) ایف آئی اے نے بیرون ملک جانے والوں کو جعلی ملازمتوں کی پیشکش سے ہوشیار کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ممالک میں پاکستانیوں کو جعلی ملازمتوں کی پیشکش کرکے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ایسے جعلی مواقع حاصل کرنے والے پہلے اچھی طرح تصدیق کرلیں تاکہ کسی مشکل میں پڑنے سے بچ سکیں۔ حکام نے بتایا خاص طور پر تھائی لینڈ، میانمار، لاؤس، ویتنام اور کمبوڈیا میں یہ مافیا سرگرم ہے۔
خصوصاً آئی ٹی سیکٹر اور کال سینٹرز میں پاکستانی نوجوانوں کو بہت زیادہ تنخواہوں کا لالچ دیا جاتا ہے اور پھر انہیں غیر قانونی سرگرمیوں، بشمول سائبراورمالیاتی جرائم پرمجبورکیا جاتا ہے، مزاحمت کرنے والوں کوسنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے،جن میں تشدد اور خاندان سے بھتہ وصولی بھی شامل ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق خواہش مند افراد ایسی ملازمتوں کو پہلے مستند ذرائع سے تصدیق کریں یا کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کی اطلاع ایف آئی اے کو دیں۔
علاوہ ازیں ادارے نے حال ہی میں عوامی آگاہی مہم بھی شروع کی ہے کیونکہ کئی پاکستانی جعلی کال سینٹر آپریشنز میں پھنس چکے ہیں۔ ترجمان کے مطابق متاثرین اکثر انسانی سمگلنگ کا شکار ہو کر بڑے پیمانے پر سائبر فراڈ سکیمز میں شامل ہو جاتے ہیں۔
