(لاہور نیوز) محکمہ تعمیرات و مواصلات (سی اینڈ ڈبلیو) کی جانب سے صوبہ بھر میں روڈ ریسٹوریشن پروگرام فیز ٹو کے تحت نمایاں پیش رفت سامنے آ گئی۔
محکمہ نے بتایا ہے کہ 31 بحالیاتی منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں، جبکہ 41 سکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
یہ تفصیلات صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں پیش کی گئیں، جس میں سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے روڈ ریسٹوریشن پروگرام سے متعلق جامع بریفنگ دی۔
محکمہ کے مطابق لاہور، مری، حافظ آباد، راولپنڈی، جہلم، خوشاب، میانوالی، بھکر، فیصل آباد، شیخوپورہ اور ساہیوال میں 31 شاہراہوں کی بحالی مکمل ہو چکی ہے، دوسری جانب راولپنڈی، سرگودھا، لاہور، ڈی جی خان اور فیصل آباد کے ڈویژن میں مختلف اضلاع میں تعمیراتی کام برق رفتاری سے جاری ہے۔
صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ 41 زیرِ تکمیل منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ روڈ ریسٹوریشن پروگرام پر بھی تیزی سے کام جاری ہے، ہر شہر میں شاہراہوں کو بہتر بنایا جا رہا ہے، روڈ انفراسٹرکچر کی بحالی میں تاریخی کام ہو رہا ہے۔
محکمہ کا کہنا ہے کہ منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئے گی بلکہ معاشی و سماجی سرگرمیوں کو بھی تقویت ملے گی۔
