(ویب ڈیسک) حکومتِ پنجاب نے 16 سالہ بچوں کیلئے سمارٹ کارڈ اور موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا اصولی فیصلہ کر لیا۔
اس حوالے سے صوبائی حکومت کے سرکاری سوشل میڈیا پیج پر اہم اعلان جاری کیا گیا ہے، حکومتی پیغام کے مطابق 16 سال کی عمر میں لائسنس کے اجرا کا مقصد نوجوانوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی کی جانب راغب کرنا اور سڑکوں پر بہتر نظم و ضبط قائم کرنا ہے۔
جاری اعلامیے میں شہریوں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے پر پہلی خلاف ورزی کی صورت میں وارننگ چالان جاری کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ٹریفک کے بہتر نظم و نسق کیلئے ڈرون کیمرے اور باڈی کیم کا استعمال بھی شروع کر دیا گیا ہے، تاکہ ٹریفک حکام کی نگرانی اور کارروائیوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے، حکومت نے والدین سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ہیلمٹ کے استعمال اور روڈ سیفٹی کی اہمیت سے ضرور آگاہ کریں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے ٹریفک پولیس کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ شہریوں، خصوصاً نوجوان طلبا کے ساتھ عزت و احترام کا برتاؤ کریں اور کسی قسم کی بدتمیزی سے گریز کریں۔
