(لاہور نیوز) بجلی کے بڑھتے ہوئے بلوں اور ادائیگی کے مسائل کے باعث محکمہ سکول ایجوکیشن نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں سے بجلی کے استعمال کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد اُن سکولوں کی نشاندہی کرنا ہے جن پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے، تاکہ انہیں فنڈز کے ذریعے ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
محکمہ نے تمام سکول سربراہان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ دسمبر 2024 سے نومبر 2025 تک کے استعمال شدہ یونٹس کی تفصیلی رپورٹ فوری طور پر جمع کروائیں، سرکاری مراسلے کے مطابق سکولوں سے سالانہ استعمال ہونے والے یونٹس کی مجموعی تعداد کے علاوہ ہر ماہ کے بجلی کے بل کی کاپی بھی طلب کی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ بجلی کے استعمال سے متعلق درست اور مکمل ڈیٹا حاصل ہونے کے بعد ان سکولوں کو ترجیحی بنیادوں پر مالی معاونت فراہم کی جائے گی جن پر زائد بلوں کی وجہ سے اضافی بوجھ پڑ رہا ہے، اس اقدام سے نہ صرف سکولوں کے مالی مسائل کم ہوں گے بلکہ تعلیمی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔
