(لاہور نیوز) پنجاب کے حساس اداروں اور حکومت کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹیں لگانے کے معاملے میں ایس ڈی پی او مسلم ٹاؤن میں تعینات ایک پولیس اہلکار کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
پولیس اہلکار کمپیوٹر آپریٹر عقیل نور نے سوشل میڈیا پر پنجاب حکومت اور حساس اداروں کے خلاف پوسٹس لگائی تھیں، جن میں کالعدم مذہبی جماعت کی حمایت بھی کی گئی تھی۔
یہ معاملہ تھانہ گلشن اقبال میں 155 سی پولیس آرڈر کے تحت ایف آئی آر کی صورت میں سامنے آیا، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکار کی جانب سے لگائی جانے والی سوشل میڈیا پوسٹس کی وجہ سے نہ صرف حساس اداروں اور حکومت کی توہین کی گئی، بلکہ محکمہ پولیس کی بدنامی بھی ہوئی ہے، اس پوسٹ نے محکمہ پولیس کی ساکھ کو متاثر کیا جس کی وجہ سے حکام نے فوری طور پر کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا۔
پوسٹس میں پنجاب حکومت اور حساس اداروں کے خلاف نازیبا مواد شامل تھا اور ان پوسٹس میں ایک کالعدم مذہبی جماعت کی حمایت بھی کی گئی تھی، جو کہ نہ صرف قانونی طور پر قابل اعتراض ہے، بلکہ یہ ملک کے امن و استحکام کیلئے بھی خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔
پولیس حکام نے اس معاملے کی سنجیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر ایف آئی آر درج کی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا، محکمہ پولیس نے واضح کیا کہ ایسے کسی بھی عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا جس سے محکمہ کی ساکھ متاثر ہو یا قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو۔
ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکار کی جانب سے اس طرح کی پوسٹیں لگانے سے محکمہ پولیس کی بدنامی ہوئی اور عوام کے درمیان پولیس کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوا، اس وجہ سے محکمہ نے فوری طور پر اس معاملے میں قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا۔
