13 کروڑ آبادی ستھرا پنجاب سے مستفید ہو رہی جو معجزے سے کم نہیں، مریم اورنگزیب
(لاہور نیوز) سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 13 کروڑ آبادی ستھرا پنجاب منصوبے سے مستفید ہو رہی ہے جو کسی معجزے سے کم نہیں۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقدامات کو عوام کیلئے ایک تاریخی خدمت قرار دیا، لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ستھرا پنجاب منصوبہ صوبے کا سب سے بڑا صفائی منصوبہ ہے، جو 13 کروڑ افراد کو فائدہ پہنچا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں صرف چھ شہروں میں صفائی کا نظام موجود تھا اور دیہی علاقوں میں کوئی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نظام نہیں تھا، لیکن ستھرا پنجاب منصوبہ کے تحت پورے صوبے میں صفائی کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کا پہلا فیز مکمل ہو چکا ہے اور دوسرے فیز پر کام جاری ہے۔
مریم اورنگزیب نے ٹریفک قوانین پر بھی بات کی اور لاہور میں موٹرسائیکل سواروں کے ہیلمٹ پہننے کی طرف پیش رفت کو سراہا، انہوں نے کہا کہ آپ کی ایک غلطی کسی کی جان لے سکتی ہے اور اب قانونی انفورسمنٹ کی جائے گی تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے، کم عمر ڈرائیورز کی وجہ سے ہونے والے حادثات پر انہوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ٹریفک قوانین کے نفاذ سے حادثات کی شرح میں کمی آئے گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے ٹریفک قوانین کے نفاذ اور منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کیلئے جو اقدامات کئے ہیں وہ عوام کے فائدے کیلئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ٹریفک قانون واپس لینے سے ہمارا نقصان نہیں بلکہ عوام کا ہے۔
منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن پر بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اینٹی نارکوٹکس فورس قائم کی تھی اور اس کے بعد سے 13 ٹن سے زائد منشیات ضبط کی جا چکی ہیں، منشیات کی فراہمی تعلیمی اداروں میں بھی کی جا رہی تھی اور اب سمگلرز کے خلاف سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں، اس کے علاوہ ری ہیبلی ٹیشن سینٹرز بنانے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں تاکہ نشے کے عادی افراد کو منشیات کے استعمال سے روکا جا سکے۔
مریم اورنگزیب نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ حکومت نے 4 لاکھ چالان اور 34 ہزار گاڑیاں بند کی ہیں تاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکا جا سکے، حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری کر دی ہے، لیکن عوام کو بھی قوانین پر عمل کرنا ہو گا تاکہ معاشرتی بہتری حاصل کی جا سکے۔
