(لاہور نیوز) ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ کی خصوصی ہدایت پر تھانہ ہربنس پورہ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا۔
ایس ایچ او ہربنس پورہ محمد عمران نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دوران چیکنگ خفیہ اطلاع پر بدنام زمانہ منشیات فروش افتخار کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم افتخار کے قبضے سے ڈیڑھ کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی ہے، ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ نے بتایا کہ گرفتار ملزم تعلیمی اداروں، ہاسٹلز اور کالجز کے اطراف میں نوجوانوں کو منشیات فروخت کرتا تھا اور اس نے تفتیش کے دوران اس جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ایس پی کینٹ نے مزید کہا کہ افتخار کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں اور انہیں بھی جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے ایس ایچ او ہربنس پورہ محمد عمران اور پولیس ٹیم کی کامیاب کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے واضح کیا کہ نوجوان نسل اور طلباء کے مستقبل کو تباہ کرنے والے عناصر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔
