صوبائی دارالحکومت میں سخت سکیورٹی برقرار، مختلف جرائم میں ملوث 107 ملزمان گرفتار
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی جہاں ناکہ جات پر مسلسل نگرانی اور چیکنگ کا عمل جاری ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق منشیات کی ترسیل، اسلحہ، ایمونیشن اور اشتہاری ملزمان کے خلاف مہم کامیابی سے جاری ہے اور اس دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس کے موبائلز سکواڈ نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مختلف جرائم میں ملوث 107 ملزمان کو گرفتار کیا۔
سکواڈ نے ناکہ جات پر چیکنگ کے دوران 26 اشتہاری، 3 عادی مجرمان اور 20 عدالتی مفروران کو حراست میں لیا، جدید ای پولیس ایپ کی مدد سے مطلوب ملزمان کی شناخت اور گرفتاری ممکن ہوئی۔
موبائلز سکواڈ نے اسلحہ کی نمائش اور ڈالا کلچر کے خلاف بھی کارروائیاں کیں، جس کے دوران 4 ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا، اسی طرح سٹریٹ کرائم میں ملوث 50 ملزمان کو بھی پکڑا گیا جن کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
سکیورٹی چیکنگ کے دوران ای پولیس ایپ کے ذریعے 46 ہزار 213 سے زائد افراد کا ریکارڈ چیک کیا گیا، جبکہ 6 ہزار 211 گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کی بھی تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی، منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے منشیات برآمد کرکے مقدمات درج کر لئے گئے۔
