(لاہور نیوز) امریکی عالمی جریدے فوربز میں پنجاب حکومت کے ستھرا پنجاب پروگرام کو نمایاں جگہ دی گئی ہے، جہاں بیسٹ سیلنگ رائٹر اور کالم نگار پال کلین نے اپنی تحقیقاتی تحریر میں پروگرام کی کامیابی کو سراہا۔
فوربز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ستھرا پنجاب کی پوری ٹیم نے انتہائی کم وقت میں صوبے کے سب سے بڑے چیلنج کو ایک بڑی آپرچونیٹی میں تبدیل کر دکھایا، صرف 8 ماہ میں 130 ملین افراد کیلئے صفائی کا مؤثر نظام تیار کرنا اور چلانا “حیران کن کارنامہ” ہے۔
پال کلین نے اپنی رپورٹ میں سی ای او ستھرا پنجاب بابر صاحب دین کے ساتھ ہونے والی گفتگو کا حوالہ بھی دیا، رپورٹ میں بتایا گیا کہ موجودہ حکومت کے آنے سے پہلے پنجاب کے 70 ملین لوگ اور 25 ہزار چھوٹے شہر و گاؤں صفائی جیسی بنیادی سہولت سے محروم تھے۔
فوربز کے مطابق وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر صوبائی وزیر بلدیات، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی ٹیم نے مل کر پورے صوبے کیلئے ایک ایسا صفائی نظام بنایا جو قابل عمل، جدید اور مؤثر ہے۔
رپورٹ میں اپنی نوعیت کی منفرد مانیٹرنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ 30 ہزار گاڑیوں اور 1 لاکھ 50 ہزار ورک فورس کو ایک ہی ڈیجیٹل ڈیش بورڈ پر مانیٹر کرنا “دنیا کیلئے قابل تقلید ماڈل” ہے۔
فوربز کے مطابق برازیل میں ہونے والی COP30 کانفرنس میں ستھرا پنجاب پروگرام کو “صفائی کے مربوط نظام” اور “کلائمیٹ ایکشن کی بہترین مثال” کے طور پر پیش کیا گیا، پروگرام کا پورا آپریشن اور ادائیگیاں جدید ڈیجیٹل سسٹمز کے ذریعے مانیٹر کی جا رہی ہیں۔
رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام اس وقت دنیا میں سروس ڈیلیوری کا سب سے بڑا منصوبہ بن چکا ہے، پروگرام کے دوسرے مرحلے میں ویسٹ ٹو ویلیو، ویسٹ ٹو انرجی اور کاربن کریڈٹس جیسے جدید منصوبوں پر بھی کام شروع ہو چکا ہے۔
فوربز کے مطابق ستھرا پنجاب نہ صرف لاکھوں لوگوں کو روزگار فراہم کر رہا ہے بلکہ ماحول میں بہتری، پبلک ہیلتھ میں بہتری اور نجی کمپنیوں کیلئے نئے کاروباری مواقع کا ذریعہ بھی بن رہا ہے۔
