(لاہور نیوز) شہر میں سموگ اور فضائی آلودگی کی روک تھام کیلئے لاہور پولیس کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق حالیہ اینٹی سموگ مہم کے دوران مجموعی طور پر 441 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 446 مقدمات درج کئے گئے، فیکٹریوں، بھٹوں اور دکانوں سے دھواں خارج کرنے پر 422 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
اسی طرح ٹائر، پلاسٹک اور شاپنگ بیگز جلانے کے الزام میں 10 افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ فصلوں کی باقیات اور کوڑا کرکٹ جلانے پر مزید 9 افراد گرفتار کئے گئے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ فضائی آلودگی کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں اور حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، انسدادِ سموگ مہم کے دوران متعلقہ محکموں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جا رہا ہے۔
بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ ٹریفک پولیس دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھے، جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ جات کے ذریعے آلودگی پھیلانے والی وہیکلز کے خلاف کارروائیاں مؤثر انداز میں انجام دی جائیں۔
