(لاہور نیوز) پنجاب کے متعدد شہروں میں گزشتہ روز مختلف مقامات پر ہونے والے مبینہ پولیس مقابلوں میں آٹھ منشیات فروش اور ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کا حصہ تھیں۔
حکام کے مطابق منڈی بہاؤالدین میں تین، گجرات میں دو جبکہ گوجرانوالہ، حافظ آباد، بہاولپور اور سیالکوٹ میں ایک، ایک مبینہ پولیس مقابلہ پیش آیا، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے آٹھ منشیات فروش مبینہ طور پر آئس (کرسٹل میتھ) کی ڈیلنگ میں ملوث تھے۔
سی سی ڈی کے افسران کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں اور کسی بھی صورت جرم میں ملوث افراد کو قانون کے شکنجے سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔
پولیس حکام نے واضح کیا کہ منشیات اور دیگر جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچانا محکمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور یہ کارروائیاں آئندہ دنوں میں بھی بلا تعطل جاری رہیں گی۔
