(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے ایمرجنسی رسپانس کے میدان میں پنجاب کے دیگر اضلاع کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
سیف سٹی اتھارٹی کی تازہ رپورٹ کے مطابق صوبے میں اوسط رسپانس ٹائم 15 منٹ سے بڑھ کر 18 منٹ تک پہنچ گیا ہے، جبکہ لاہور میں یہ وقت نمایاں بہتری کے ساتھ صرف 10 منٹ رہ گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاہور میں کالر کو فرسٹ رسپانڈر افسر سے فوری کانفرنس کال پر ملانے کی پالیسی مؤثر ثابت ہوئی ہے، اس سسٹم کے نتیجے میں ایمرجنسی صورتحال میں بروقت مدد کی شرح میں واضح اضافہ ہوا اور پولیس نے 82 فیصد کالز میں مقررہ وقت پر رسائی ممکن بنائی۔
شہریوں نے پنجاب کے دیگر اضلاع میں بڑھتے ہوئے رسپانس ٹائم پر تشویش کا اظہار کیا، لیکن لاہور پولیس کی 10 منٹ کے اندر رسپانس کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
سیف سٹی اتھارٹی نے رپورٹ میں کہا ہے کہ کانفرنس کال سسٹم نے نہ صرف موقع پر پولیس کی فوری رسپانس صلاحیت بہتر بنائی بلکہ مجموعی کارکردگی میں بھی نمایاں اضافہ کیا اور رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھی بھیج دی گئی ہے۔
