(لاہور نیوز) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی سائبر سکیورٹی ٹیم نے شہریوں کے ساتھ دھوکہ دہی میں ملوث جعلی ویب سائٹ بند کر دی۔
ترجمان نادرا کے مطابق سائبر سکیورٹی ٹیم نے idtracking.online نامی جعلی ویب سائٹ بند کر دی جو اتھارٹی کے نام کا غلط استعمال کرتے ہوئے شہریوں کی ذاتی معلومات حاصل کر رہی تھی، ترجمان نے بتایا کہ نادرا نے جعلی ویب سائٹس کے خلاف اپنی مہم کے تحت گزشتہ ایک سال میں 100 سے زائد ویب سائٹس بند کی ہیں جو اتھارٹی کے نام کا غلط استعمال کر رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی معلومات کیلیے نادرا کے سوشل میڈیا کے ذریعے وقتاً فوقتاً پیغامات جاری کیے جاتے ہیں اور اتھارٹی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر یہ پیغام مستقل موجود ہے کہ شہری کسی ایسی ویب سائٹ پر اپنی ذاتی معلومات فراہم نہ کریں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ نادرا کی صرف ایک ہی آفیشل ویب سائٹ www.nadra.gov.pk ہے، شہری رجسٹریشن کی آن لائن خدمات کیلیے صرف نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ استعمال کریں، ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد شہری اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں اور روزانہ 10 ہزار سے زائد شہری اس سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔
نادرا نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی دوسری ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر اپنی ذاتی معلومات فراہم نہ کریں۔
