(لاہور نیوز) پنجاب میں سموگ کے اثرات میں نمایاں کمی آئی ہے اور فضائی معیار میں بہتری کے حوالے سے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
حالیہ موسمی حالات اور حکومتی اقدامات کی بدولت نومبر میں پہلی بار لاہور کا آسمان نیلا دکھائی دینے لگا ہے، جو حکومت کی کامیاب پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے۔
ماہرین کے مطابق شمالی اور شمال مشرقی ہواؤں کی وجہ سے شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں معمولی آلودگی کا امکان ہے، تاہم اس سال سموگ کنٹرول پلان کے نتیجے میں فضائی معیار بہتر ہے، خاص طور پر، دن میں ہوا کی رفتار 2 سے 4 میل فی گھنٹہ تک محدود رہنے سے مقامی اخراج بڑھ سکتا ہے، لیکن حکومت کی مسلسل نگرانی اور اقدامات کی بدولت مجموعی فضائی حالات پچھلے برسوں کی نسبت زیادہ صاف ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے زرعی شعبے میں فصلوں کی باقیات جلانے کی بجائے پرالی کو منظم گٹھوں کی صورت میں بطور ایندھن استعمال کرنے کا ٹرینڈ سیٹ کیا ہے، جس سے نہ صرف آلودگی کم ہوئی ہے بلکہ کسانوں کو ماحول دوست معاشی فوائد بھی حاصل ہو رہے ہیں، سپرسیڈرز، کبوٹا اور سمارٹ ہارویسٹرز کا استعمال بڑھا ہے، جو ماحولیاتی لحاظ سے بہتر ہیں اور فصلوں کی باقیات کو مؤثر طریقے سے ہینڈل کرتے ہیں۔
حکومت کی جانب سے سموگ کنٹرول کیلئے کئے گئے اقدامات نے اس سال سموگ میں واضح کمی کی ہے، وزیراعلیٰ کی سخت ہدایات پر بھٹوں، انڈسٹری اور گاڑیوں کے دھوئیں پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے، فیلڈ ٹیمیں 24/7 الرٹ ہیں اور سموگ سکواڈز روزانہ کارروائیاں کر رہے ہیں، انڈسٹری پر سمارٹ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جبکہ ایئر کوالٹی ڈیش بورڈ کو ریئل ٹائم فعال کیا گیا ہے، جس سے فضا کی بہتری کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
دن میں شمال مشرقی ہوائیں زرعی علاقوں سے تھوڑا دھواں لا سکتی ہیں، مگر حکومتی اقدامات کی بدولت اس کے اثرات محدود ہیں، شہریوں کو صبح و شام ماسک کا استعمال کرنے اور سانس یا الرجی کے مریضوں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، بچوں اور بزرگوں کو آلودہ اوقات میں باہر جانے سے گریز کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کے نتیجے میں اس سال سموگ کی سطح کم ترین سطح پر پہنچی ہے اور شہریوں کا تعاون اس بات کو یقینی بنائے گا کہ لاہور کی فضا مزید صاف ہو، ہم نے اس سال سموگ کے اثرات میں نمایاں کمی دیکھی ہے اور عوامی تعاون سے ہم اس معاملے میں مکمل کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
