(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی دیکھنے کو ملی ہے، تاہم انڈوں کی قیمتیں اب بھی عوام کی قوت خرید سے باہر ہیں۔
برائلر گوشت کی قیمت میں 8 روپے تک کمی آئی ہے اور اس کی نئی قیمت 482 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، صاف گوشت 550 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جس سے شہریوں کو اضافی بوجھ کا سامنا ہے۔
زندہ برائلر کی قیمت میں بھی کمی دیکھنے کو ملی ہے، فارم گیٹ ریٹ کے مطابق زندہ برائلر کی قیمت 305 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں زندہ برائلر 319 روپے فی کلو کی قیمت پر دستیاب ہے، پرچون بازار میں زندہ برائلر کی قیمت 333 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
انڈوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے، انڈوں کی قیمت اب 343 روپے فی درجن تک پہنچ چکی ہے، ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی پیٹی کی قیمت 10,170 روپے تک مقرر کی گئی ہے۔
