(لاہور نیوز) خاتون کھلاڑیوں کے ساتھ جوئے کی غرض سے رابطے رکھنے اور کرکٹ کے جوئے میں ملوث امپائر اور ایک دوسے جوا کرانے والے جوئے باز کو کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔
ایف آئی اے کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ سٹے بازی میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے، حکام نے بتایا کہ مجیب الرحمان اور زاہد علی کے خلاف ایف آئی اے اینٹی کرپشن اسلام آباد میں الگ الگ مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
ملزم زاہد علی 2021 تک خود کرکٹ کھیلتا رہا اور اس کے بعد ضلعی سطح پر امپائرنگ کرتا رہا، ملزم آن لائن کرکٹ جوئے میں ملوث تھا اور انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والی کئی ملکوں کی کھلاڑی خواتین کے ساتھ رابطے رکھتا تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ زاہد علی نے زمبابوے، کینیا اور گھانا سمیت دیگر افریقی ممالک کے مرد کرکٹرز سے بھی رابطے کیے، ان سب رابطوں کا مقصد کھلاڑیوں کو کرکٹ کے جوئے میں استعمال کرنا تھا۔
ملزم زاہد علی خود کو پروفیشنل امپائر کے طور پر متعارف کراتا تھا۔ جوئے کا یہ خطرناک کھلاڑی کئی ملکوں میں منی لانڈرنگ میں بھی ملوث رہا ہے، ایف آئی اے نے دونوں ملزمان کے فون اور دوسرے زیراستعمال الیکٹرانک آلات قبضے میں لے لئے ہیں، ابتدائی شواہد بھی ملزمان سے اکھٹے کر لئے گئے ہیں۔
