(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈی جی عاصم جاوید سے ڈیری اینڈ کیٹل ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے ملاقات کی، جس میں دونوں فریقوں نے دودھ کی صنعت میں ملاوٹ مافیا کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات پر بات چیت کی۔
ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف جاری کارروائیوں کی بھرپور حمایت کی اور کہا کہ اس کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں، خاص طور پر کسانوں کو معیاری دودھ کی اصل قیمت ملنے میں مدد ملی ہے۔
ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سخت کارروائیاں، جن میں جعلی دودھ کی فروخت کے خلاف 737 مقدمات درج کئے گئے ہیں اور 360 یونٹس کو بند کیا گیا ہے، اس صنعت میں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، ملاوٹ مافیا کے خلاف کی جانے والی کارروائیاں کسانوں اور خالص دودھ کے کاروبار کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔
ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں کی بدولت اب کسان کو معیاری دودھ کی اصل قیمت مل رہی ہے، جو پہلے ملاوٹ مافیا کی موجودگی کے باعث کم تھی، ہم ہر قدم پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ساتھ ہیں اور اس کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے اجلاس کے دوران بتایا کہ یکم اگست سے اب تک پنجاب فوڈ اتھارٹی نے 737 مقدمات درج کئے ہیں، 16 لاکھ 99 ہزار 244 لٹر دودھ تلف کیا ہے اور 8 کروڑ 87 لاکھ 43 ہزار لٹر دودھ کی چیکنگ کی ہے، جعلی دودھ کی فروخت کے خلاف یہ اقدامات اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ مارکیٹ میں موجود دودھ صاف، صحت بخش اور اصل ہو۔
عاصم جاوید نے مزید کہا کہ دودھ میں جعلسازی کرنے والے تمام عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے اور انہیں کسی صورت بھی رعایت نہیں دی جائے گی، ہم ہر قسم کے دباؤ کو مسترد کرتے ہیں اور ملاوٹ مافیا کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
عاصم جاوید نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر معیاری خوراک کی فراہمی میں حائل تمام رکاوٹوں کو ختم کر دیا جائے گا، پنجاب کو ملاوٹ سے پاک بنانے کیلئے ہم تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ عوام کو صحت مند اور معیاری خوراک ملے۔"
ڈیری اینڈ کیٹل ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے اس موقع پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی بھرپور حمایت کی اور کہا کہ وہ فوڈ اتھارٹی کے ہر اقدام میں اس کے ساتھ ہیں، انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس مافیا کے خلاف موثر کارروائیاں کی ہیں اور کسانوں کی معیاری دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔
ملاقات میں مزید کہا گیا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا اگلا ہدف دودھ کی جعلسازی کے کاروبار کا مکمل خاتمہ اور کسانوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے، فوڈ اتھارٹی کا مقصد دودھ کے کاروبار میں شفافیت لانا اور عوام کو صرف صحت مند اور خالص دودھ فراہم کرنا ہے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ہم نے دودھ میں جعلسازی کے دھندے کو روکنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا ہے اور آئندہ بھی ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
