(ویب ڈیسک) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے نظام میں خراب اور جلے ہوئے بجلی کے میٹروں کی تعداد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق کمپنی کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 5 ہزار سنگل فیز اور تھری فیز میٹر ناقص یا جل چکے ہیں۔
لیسکو نے رپورٹ کیا کہ 1,02,000 سنگل فیز میٹر خراب ہو گئے ہیں جبکہ 2,400 تھری فیز میٹر یا تو درست طور پر کام نہیں کر رہے یا مکمل طور پر جل چکے ہیں۔
میٹروں کی تعداد بڑھنے کے باوجود کمپنی کے پاس نیا سٹاک نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے، جس کے باعث ان میٹروں کی بروقت تبدیلی ممکن نہیں ہو پا رہی۔
نیپرا کے قوانین کے تحت لیسکو پر لازم ہے کہ وہ تمام خراب میٹر تبدیل کرے، تاہم میٹرز کی کمی کے باعث صارفین کو نئے میٹر فراہم کرنے کے بجائے اوسط بل بھیجے جا رہے ہیں۔
جب لیسکو صارف کے اکاؤنٹ پر “ڈیفیکٹیو کوڈ” لگا دیتی ہے تو اوسط بلنگ کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
اس سے قبل وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات پر روایتی بجلی میٹروں کی تنصیب روک دی گئی تھی۔ اس پابندی کے بعد سنگل فیز سمارٹ میٹروں کی خریداری بھی سست روی کا شکار ہو گئی، جس سے میٹروں کی تبدیلی کا عمل مزید متاثر ہوا ہے۔
