(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی مچھروں کی افزائش میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث کیسز بھی تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ڈینگی کے 27 نئے کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں لاہور میں 5 مریض شامل ہیں، پنجاب میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی مجموعی تعداد 4,120 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ لاہور میں یہ تعداد 754 تک پہنچ گئی ہے۔
ڈینگی کے بیشتر مریض نجی ہسپتالوں اور کلینکس پر رپورٹ ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے صحت کے حکام نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، گھروں میں سپرے کرنا اور ڈینگی کے لوشن کا استعمال کرنا ضروری ہے تاکہ مچھروں کی افزائش کو روکا جا سکے۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ڈینگی مچھروں کی افزائش کو بروقت روکنا ضروری ہے تاکہ اس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے، اس سلسلے میں ڈینگی سرویلنس کو تیز کیا جا رہا ہے اور لاروا کو ہنگامی بنیادوں پر تلف کرنے کا عمل جاری ہے۔
