(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے صحت مند پنجاب مشن کے تحت لاہور میں فوڈ سیفٹی اور معیار کی خلاف ورزیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا۔
اس دوران 98 معروف فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی اور متعدد کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، آپریشن کے دوران 1 فوڈ یونٹ کو سیل کیا گیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، 800 لٹر ملاوٹی دودھ ضائع کیا گیا، جسے مسلم ٹاؤن میں دودھ سپلائر ٹینکر سے قبضے میں لے کر تلف کر دیا گیا، اس کے علاوہ 4 من گلی سڑی سبزیاں، ایکسپائر خام مال اور چائنہ نمک بھی تلف کیا گیا۔
آپریشن کے دوران قوانین کی خلاف ورزی پر 10 فوڈ پوائنٹس کو 2 لاکھ 60 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے، ان فوڈ پوائنٹس میں ناقص معیار کی خوراک، گندے فریزر، زنگ آلود برتن اور کیڑے مکوڑوں کی بھرمار پائی گئی، متعدد ریسٹورنٹس میں خوراک کی تیاری کے دوران انتہائی غیر معیاری عمل دیکھنے کو ملا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹس میں فنگس زدہ فریزر، ٹوٹے ہوئے، گندے فرش پر خوراک تیار کی جا رہی تھی، جبکہ گوشت دھونے کے لئے گندے پانی کا استعمال کیا جا رہا تھا، خوراک کی تیاری میں ناقص اجزاء کا استعمال انسانی صحت کے لئے انتہائی مضر ثابت ہو سکتا ہے۔
