22 Nov 2025
(لاہور نیوز) صوبہ پنجاب میں منشیات کی ترسیل اور سپلائی کی روک تھام کیلئے اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس مقصد کے تحت صوبے کے مختلف داخلی و خارجی راستوں پر 12 مقامات پر جوائنٹ چیک پوسٹس (ناکے) قائم کئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اس بڑے آپریشنل اقدام پر 3 ارب روپے کے اخراجات متوقع ہیں، جبکہ بین الاضلاعی راستوں پر مؤثر نگرانی کیلئے خصوصی ٹیمیں بھی تعینات کی جائیں گی جو چوبیس گھنٹے چیکنگ کا عمل جاری رکھیں گی۔
حکام کے مطابق فیصلہ شدہ نظام میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، نگرانی کے جدید آلات اور مشترکہ انٹیلی جنس شیئرنگ کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ صوبے میں منشیات کے نیٹ ورکس کو مؤثر طریقے سے روکا جا سکے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مختلف اداروں کے درمیان مربوط کارروائیوں سے منشیات کے خلاف جاری مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
