(لاہور نیوز) فیفا نے مینز فٹبال کی عالمی رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں پاکستان کی فٹبال ٹیم کی رینکنگ میں مزید 1 درجہ تنزلی دیکھی گئی ہے۔
پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم اس وقت 199 نمبر پر پہنچ چکی ہے جو کہ عالمی سطح پر ایک تشویش کا باعث ہے، پاکستان کی فٹبال ٹیم نے حالیہ اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائرز میں 5 میچز میں سے ایک بھی میچ جیتنے میں ناکامی کا سامنا کیا جس کے نتیجے میں اس کی عالمی رینکنگ میں مزید کمی واقع ہوئی ہے۔
اس کے برعکس، بھارت کی فٹبال ٹیم بھی 6 درجے تنزلی کے بعد 142 ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے، بنگلہ دیش کی فٹبال ٹیم نے 3 درجے ترقی حاصل کی اور اس وقت 180 نمبر پر ہے، سری لنکا کی فٹبال ٹیم 1 درجہ تنزلی کے بعد 194 ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔
فیفا مینز فٹبال رینکنگ میں اسپین کی فٹبال ٹیم نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے، جبکہ ارجنٹینا دوسری اور فرانس تیسری پوزیشن پر موجود ہیں، انگلینڈ چوتھے نمبر پر ہے اور برازیل نے دو درجہ ترقی کے بعد پانچویں نمبر پر جگہ بنائی ہے۔
فیفا مینز فٹبال رینکنگ میں اس وقت دنیا کی کل 210 فٹبال ٹیمیں شامل ہیں جن کے درمیان یہ رینکنگ ترتیب دی جاتی ہے، رینکنگ کا تعین ہر ٹیم کی عالمی سطح پر کارکردگی اور میچز کے نتائج کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
