(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "کلین لاہور مشن" پر عملدرآمد کے تحت صفائی اور سیوریج کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے تحصیل سٹی کا علی الصبح دورہ کیا اور شہر کے مختلف اہم علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا، انہوں نے سرکلر روڈ، شیرانوالہ اور کشمیری گیٹ کے علاقوں کا بھی دورہ کیا، صفائی اور سیوریج کے انتظامات کا بغور معائنہ کیا۔
اس دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، چیف آفیسر ایم سی ایل اور دیگر محکموں کے نمائندگان بھی ان کے ہمراہ تھے، اسسٹنٹ کمشنر سٹی بابر علی رائے نے ان علاقوں میں میونسپل سروسز کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کھلے مین ہولز اور ناقص ڈرینج سسٹم پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور واسا کو کارکردگی بہتر بنانے کا حکم دیا، انہوں نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت اور صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
صاف ستھرا لاہور کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی حکام کی ناقص صفائی انتظامات پر بھی سرزنش کی گئی، سید موسیٰ رضا نے صفائی کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنانے کا حکم دیا اور اس بات پر زور دیا کہ صفائی کا عمل تیز، مؤثر اور وقت پر مکمل کیا جائے۔
