(لاہور نیوز) شہر لاہور میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی کی صورتحال میں بھی دلچسپ تبدیلی آئی ہے۔
حالیہ دنوں میں لاہور میں سموگ کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، لیکن شہر فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
موسم کی تبدیلی کے ساتھ سردی کا زور بڑھنے لگا ہے، تاہم سموگ کی شرح میں کچھ کمی آئی ہے، شہر کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 191ریکارڈ کیا گیا ہے، جو ایک تشویشناک حد تک ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس 151 سے 200 کے درمیان ہونے پر اسے "خراب" قرار دیا جاتا ہے، جو صحت کیلئے خطرہ ثابت ہو سکتا ہے۔
ادھر لاہور میں درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی دیکھنے کو ملی ہے، کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے جس سے شہریوں کو سردی کا خاصا سامنا ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ایئر کوالٹی انڈیکس کی صورتحال پر نظر رکھیں اور غیر ضروری باہر جانے سے گریز کریں، خصوصاً بچوں اور بزرگوں کو اس موسم میں احتیاط برتنا ضروری ہے۔
