سمارٹ کیمرے ویمن سیفٹی ایپ سے منسلک، شکایات پر فوری کارروائی ہوتی ہے: عظمیٰ بخاری
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سمارٹ کیمروں کے نیٹ ورک کو ویمن سیفٹی ایپ سے ایک کلک کے ذریعے منسلک کیا گیا ہے، شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں آسیان پروگرام اور سمارٹ سٹی اقدامات کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے شہری اب خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں اور عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ عوام کے مفاد میں وقت کی ضرورت کے مطابق سمارٹ ٹیکنالوجی ردعمل سسٹم یقینی بنایا گیا ہے، سمارٹ کیمروں کے نیٹ ورک کو ویمن سیفٹی ایپ سے ایک کلک کے ذریعے منسلک کیا گیا ہے اور اس پر موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں ورچوئل پولیس اسٹیشن (میری آواز مریم نواز) کا قیام ایک اہم اقدام ہے، ورچوئل پولیس اسٹیشنز پر 7 لاکھ 22 ہزار 411 کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 6 لاکھ 47 ہزار 865 کیسز کامیابی سے حل کئے گئے، موصول ہونے والی کالز میں 90 فیصد پر فوری ایکشن لیا گیا اور کارروائی کرتے ہوئے مسائل حل کئے گئے۔
مزید برآں، چائلڈ سیفٹی کیلئے ورچوئل اسٹیشنز اور منیارٹی کے تحفظ کیلئے ورچوئل سینٹر قائم کئے گئے ہیں، جبکہ 333 پنک بٹنز ہنگامی پولیس ردعمل کو تیز کرنے کیلئے نصب کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سمارٹ سیف سٹی منصوبہ جدید شہری سکیورٹی کا سنگ میل ہے اور پنجاب کے عوام میں مکمل احساس تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، محفوظ شہر شہری فلاح، اقتصادی ترقی، سیاحت اور سماجی استحکام کی بنیاد ہے اور مریم نواز کی قیادت میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی جدید، محفوظ اور ترقی یافتہ شہروں کی بنیاد رکھ رہی ہے۔
