(لاہور نیوز) پنجاب کی جیلوں میں سیف سٹیز اتھارٹی نے مکمل سروے کر لیا اور جیلوں کی سکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے بڑا منصوبہ شروع کر دیا۔
سروے میں تمام سینٹرل اور ڈسٹرکٹ جیلوں کو شامل کیا گیا ہے، جس کے بعد جیلوں میں جدید کیمروں کی تنصیب کا کام جلد کوٹ لکھپت جیل سے شروع ہو گا۔
جیل حکام کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کی 45 جیلوں میں تقریباً ساڑھے 5 ارب روپے مالیت کے کیمرے لگائے جائیں گے، پنجاب حکومت نے رواں سال کیلئے 2.5 ارب روپے فنڈز جاری کر دیئے ہیں، منصوبے میں سیف سٹیز اتھارٹی اور این آر ٹی سی تعاون کریں گے۔
جیل حکام نے بتایا کہ کیمرے قیدیوں کی بیرکوں کے اندر، بیرونی دروازوں، احاطے اور دیگر اہم مقامات پر لگائے جائیں گے، جدید کیمروں کی تنصیب سے نہ صرف جیلوں کی سکیورٹی میں اضافہ ہو گا بلکہ کرپشن اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ بھی ممکن ہو گا۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے بعد قیدیوں اور عملے کی حفاظت بہتر ہو گی اور جیلوں میں نگرانی کا نظام بین الاقوامی معیار کے مطابق ہو جائے گا۔
