(لاہور نیوز) پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ آج راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں نے میچ کی تیاریوں کے سلسلے میں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، کھلاڑیوں نے خامیوں کو دور کرنے کیلئے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں، مہمان ٹیم کا پریکٹس کیلئے سٹیڈیم پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا، شائقین کرکٹ نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے سری لنکن ٹیم کا استقبال کیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے سری لنکن کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے، اس موقع پر شائقین کرکٹ نے کہا کہ دہشت گردی کو بولڈ آؤٹ کر دیا گیا ہے، پاکستان اور سری لنکا کی دوستی ہمیشہ قائم رہے گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، محسن نقوی کے ہمراہ سری لنکن ہائی کمشنر، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری اور آئی جی اسلام آباد بھی موجود تھے، سری لنکن ہائی کمشنر نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
