(لاہورنیوز) وفاقی وزیرِ بحری اُمور جنید انوار نے سمندری معیشت میں اضافے کیلئے ملک میں مزید تین بندگاہیں بنانے کا اعلان کردیا۔
جنید انوار چودھری کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے جب وزیرِ بحری امور بنایا جا رہا تھا تو میں خوفزدہ تھا۔ پہلی بریفنگ میں جب مجھے اربوں روپے کے منافع سے آگاہ کیا گیا تو اعتماد بحال ہوا، وزارتِ بحری امور کے تاثر کو ہم نے مثبت کیا، کنٹینر پورٹ پرفارمنس انڈیکس میں 98ویں درجے سے 9ویں درجے پر آئے۔
وفاقی وزیرِ بحری اُمور کا کہنا تھا کہ آج اگر ہماری بندرگاہیں کارکردگی نہ دکھا رہی ہوتیں، معیشت بھی تنزلی کا شکار ہوتی، بیرونی سرمایہ کار پاکستان آ رہے ہیں اور مقامی باہر جا رہے ہیں، سرمایہ کاروں سے گزارش ہے کہ پورٹس میں سرمایہ کاری کریں۔
جنید انوار چودھری نے کہا کہ آئندہ 100 سال 2047ء سے 2147ء کیلئے منصوبہ بندی کی ہے کہ ملک کو ویژن کے تحت چلانا ہے، 2047ء تک پاکستان کی بندرگاہیں 100 فیصد کپیسیٹی پر پہنچ جائیں گی،پورٹ 1، 2 اور 3 کے بعد پورٹ 4، 5 اور 6 پر کام کریں گے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں مزید 3 بندرگاہیں بنائیں گے، ہم جہاں پانی دیکھتے ہیں وہاں ہاؤسنگ سوسائٹی بنانا شروع کر دیتے ہیں، آنے والی 3 بندرگاہوں کیلئے جگہ کا تعین کریں گے کہ وہاں بندرگاہ کے علاوہ کوئی منصوبہ نہ بنے۔
