29 Oct 2025
(ویب ڈیسک) انٹرمیڈیٹ سیکنڈ اینول امتحانات آج سے شروع ہو رہے ہیں تاہم لاہور بورڈ کی انتظامی خامیاں امتحان سے قبل ہی سامنے آ گئیں۔
امتحان سے ایک روز قبل طلبہ کی بائیو میٹرک تصدیق مکمل نہ کی جا سکی، جس کے باعث لارنس روڈ امتحانی سینٹر میں طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شدید رش کے باعث بورڈ انتظامیہ نے متعدد امیدواروں کو بائیو میٹرک کے بغیر ہی واپس بھیج دیا۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ اب طلبہ کی بائیو میٹرک تصدیق امتحان کے دن ہی کی جائے گی۔
طلبہ نے بورڈ کی ناقص حکمتِ عملی پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بائیو میٹرک امتحان والے دن ہی کرنی تھی تو سینٹر پر بلا کر وقت کیوں ضائع کیا گیا؟
امتحانی امیدواروں نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ اس نوعیت کی بدانتظامی سے بچنے کے لئے مؤثر حکمتِ عملی تیار کی جائے۔
