(ویب ڈیسک) پنجاب میں ہزاروں نوجوان گریجویٹس اور انٹرمیڈیٹ طلبہ کے لئے انٹرن شپ پروگرام کا اعلان کردیا گیا ،ماہانہ وظیفہ 55 ہزار روپے سے 65 ہزار روپے دیا جائے گا۔
پنجاب حکومت 8 ہزار سے زائد انٹرن اساتذہ کو مالی معاونت فراہم کرے گی جو 55000 سے 65000 روپے تک ہو گی۔
انٹرنز کو وظیفہ دینے کے اس منصوبے کا مقصد نوجوان گریجویٹس اور انٹرمیڈیٹ سطح کے طلبہ کو کالجوں میں تدریسی تجربہ حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
انٹرمیڈیٹ سطح کے انٹرنز کو 7 ماہ تک ماہانہ 55 ہزار روپے جبکہ بی ایس سطح کے انٹرنز کو 10 ماہ تک ماہانہ 65 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
انٹرن شپ مکمل کرنے والے تمام شرکاء کو تجربے کے سرٹیفکیٹ بھی جاری کیے جائیں گے تاکہ ان کی پیشہ ورانہ قابلیت اور ملازمت کے مواقع میں اضافہ ہو۔
پروگرام میں تمام شہریوں کے لئے مساوی مواقع کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے 404 نشستیں مذہبی اقلیتوں، 243 نشستیں معذور افراد اور 40 نشستیں خواجہ سراؤں کیلئے مخصوص کی گئی ہیں۔
اس پروگرام کیلئے مجموعی طور پر 4.217 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جو انٹرنز کے وظیفے اور انتظامی اخراجات پر خرچ ہوں گے۔
حکومت پنجاب کے مطابق، ماہانہ وظیفہ انٹرنز کی مالی مشکلات کم کرے گا،انہیں تدریسی سرگرمیوں میں فعال شرکت کی ترغیب دے گا اور طویل المدتی تعلیمی کیریئر کیلئے تیار کرے گا۔
