(لاہور نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے اپنے انٹرپرائز ریسورس پلاننگ (ERP) سسٹم کو جدید تقاضوں کے مطابق کامیابی سے اپ گریڈ کر لیا ہے۔
یہ اپ گریڈیشن چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی خصوصی ہدایت پر محدود وقت اور وسائل میں مکمل کی گئی، لیسکو حکام کے مطابق چیف آئی ٹی لیسکو اور ان کی ٹیم نے انتھک محنت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اس سسٹم کو ازسرِ نو اپ گریڈ کیا جس سے ادارے کی مالیاتی، تکنیکی اور انتظامی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
سی ای او لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ ای آر پی سسٹم کی اپ گریڈیشن سے کمپنی کے تمام آپریشنز زیادہ تیز، مربوط اور شفاف ہو گئے ہیں، اس اپ گریڈ سسٹم سے ڈیٹا مینجمنٹ، رپورٹنگ اور فیصلہ سازی کی رفتار میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، یہ لیسکو کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی سمت ایک بڑا قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ای آر پی سسٹم صارفین سے لے کر ڈیپارٹمنٹس تک ڈیجیٹل انضمام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس سے کمپنی کے تمام یونٹس کے درمیان معلومات کی ترسیل اور نگرانی مزید مؤثر ہو گئی ہے، یہ اپ گریڈیشن مکمل طور پر ان ہاؤس کی گئی ہے اور کسی بیرونی کنسلٹنٹ یا کمپنی کی خدمات حاصل نہیں کی گئیں، آئی ٹی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سسٹم کی استعداد کار اور افادیت میں غیر معمولی اضافہ کیا ہے۔
لیسکو انتظامیہ نے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کیلئے مزید تکنیکی تربیت اور جدید وسائل فراہم کرنے کا عندیہ دیا ہے تاکہ مستقبل میں بھی کمپنی کے ڈیجیٹل نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
